प्रकाशित
پرائیویٹ رہائشی معلومات شیئر کرنا
8 फ़रवरी 2022
اپنی پالیسی مشاورتی رائے میں بورڈ یہ تجویز کرتا ہے کہ Meta رازداری کی خلاف ورزیوں کے کمیونٹی معیار کی اس استثنا کو ہٹا دے جس میں پرائیویٹ رہائشی معلومات کو 'عوامی طور پر دستیاب' ہونے پر شیئر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
آج اوور سائٹ بورڈ نے اپنی پہلی پالیسی مشاورتی رائے شائع کی ہے۔ پالیسی مشاورتی رائے کے ذریعے بورڈ کسی مخصوص موضوع پر Meta کی پالیسیوں کا جائزہ لیتا ہے اور اس بارے میں تجاویز پیش کرتا ہے کہ ان میں کیا تبدیلی کی جانی چاہیے۔
پرائیویٹ رہائشی مقام کی معلومات شیئر کرنے کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی مشاورتی رائے کا مکمل ورژن پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں۔
آپ ذیل میں رائے کا خلاصہ بھی پڑھ سکتے ہیں۔
اپنی پالیسی مشاورتی رائے میں بورڈ یہ تجویز کرتا ہے کہ Meta رازداری کی خلاف ورزیوں کے کمیونٹی معیار کی اس استثنا کو ہٹا دے جس میں پرائیویٹ رہائشی معلومات کو "عوامی طور پر دستیاب" ہونے پر شیئر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس سے Meta کو لوگوں کی پرائیویٹ رہائشی معلومات کی بہتر حفاظت کرنے میں مدد ملے گی۔
اپنی دیگر تجاویز کے ساتھ بورڈ نے یہ بھی مشورہ دیا کہ Meta ڈاکسنگ کے متاثرین کیلئے مواصلاتی چینل بنائے، صارفین کو اس حوالے سے مزید کنٹرول فراہم کرے کہ وہ کس طرح اپنی پرائیویٹ رہائشی معلومات کو شیئر کرنے کی منظوری دینا چاہتے ہیں اور یہ ڈیٹا فراہم کرے کہ رازداری سے متعلقہ حکومت کی درخواستوں کے بعد کتنا مواد ہٹایا گیا۔
Meta کی درخواست کی تفصیلات
گزشتہ سال Meta نے بورڈ سے پرائیویٹ رہائشی پتے اور تصاویر شیئر کرنے اور ان معلومات کو Facebook اور Instagram پر شائع کرنے کے تناظر کے حوالے سے پالیسی مشاورتی رائے کی درخواست کی تھی۔ Meta کے مطابق یہ ایک مشکل سوال ہے کیوں کہ اس طرح کی معلومات تک رسائی صحافت اور شہری سرگرمیوں سے متعلق ہو سکتی ہیں، "اس معلومات کو رضامندی کے بغیر افشا کرنے سے رہائشیوں کی حفاظت اور کسی فرد کی رازداری کی خلاف ورزی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔"
Meta کی درخواست میں ذاتی معلومات، بشمول رہائشی پتے اور تصاویر شیئر کرنے سے منسلک کئی ممکنہ نقصانات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ ان میں "ڈاکسنگ" (جس سے مراد دستاویزات ریلیز کرنا ہے، اسے مختصراً "ڈاکس" کہا جاتا ہے) شامل ہے جس میں ایسی معلومات آن لائن افشاء کی جاتی ہیں جن سے کسی فرد کی شناخت ہو سکتی ہے۔ Meta نے نوٹ کیا کہ ڈاکسنگ کے حقیقی دنیا کے منفی نتائج ہو سکتے ہیں، جیسے کہ ہراساں کرنا یا تعاقب کرنا۔
کلیدی نتائج
Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کے کمیونٹی معیار کے تحت صارفین کو چاہیے کہ وہ "اپنے یا دوسروں کے متعلق ذاتی طور پر قابل شناخت معلومات" بشمول پتے شیئر نہ کریں، "الّا یہ کہ انہیں خیراتی مقاصد کو پروموٹ کرنے، گمشدہ لوگوں، جانوروں، یا چیزوں کی تلاش کرنے، یا بزنس سروس فراہم کنندگان سے رابطہ کرنے کی غرض سے شیئر یا طلب کیا گیا ہو۔"
اس میں "پرائیویٹ معلومات" بھی شامل ہے جیسے "وہ تصاویر جن میں پرائیویٹ رہائش گاہوں کا بیرونی نظارہ دکھائی دیتا ہو۔" تاہم، اس طرح کی تصویروں کو صرف اس وقت ہٹایا جا سکتا ہے، جب درج ذیل تمام شرائط لاگو ہوں: "رہائش گاہ سنگل فیملی کا گھر ہے، یا رہائشیوں کے یونٹ نمبر کی شناخت تصویر/کیپشن میں کی گئی ہے۔ شہر/گرد و نواح یا GPS پن (مثال کے طور پر، Google Maps کے پن) کی شناخت کی گئی ہے۔ مواد میں رہائشی فرد (افراد) کی شناخت ہوتی ہے۔ یہی رہائشی اپنی پرائیویٹ رہائش گاہ کے ظاہر کرنے پر اعتراض کرتا ہے، یا رہائشی کے خلاف احتجاج کا تناظر ہے (اس میں ایسے سفارتخانے شامل نہیں ہیں جو رہائش گاہوں کے طور پر استعمال ہوتے ہیں)۔"
Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی میں بیان کیا گیا ہے کہ "پرائیویٹ معلومات نیوز کوریج، عدالت میں دائر کرنے، پریس ریلیز، یا دیگر ذرائع سے عوامی طور پر دستیاب ہو سکتی ہیں۔" جب ایسا ہوتا ہے تو ہو سکتا ہے Meta معلومات کو پوسٹ کرنے کی اجازت دے۔ مثال کے طور پر اگر کسی فرد کا پتہ "عوامی طور پر دستیاب" مانا جاتا ہے تو Facebook اور Instagram پر اس پتے سے کسی فرد کی شناخت کرنے والی تصاویر کی اجازت دی جائے گی۔ Meta کی مواد کے جائزہ کاروں کو دی جانے والی اندرونی ہدایت کے مطابق ایسی معلومات جسے "کم از کم پانچ نیوز آؤٹ لیٹس نے شائع کیا ہو" تو Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کے مقاصد کے حوالے سے وہ معلومات پرائیویٹ نہیں رہتی ہیں۔
بورڈ اس بات سے واقف ہے کہ پرائیویٹ رہائشی پتوں اور تصاویر کو شیئر کرنے سے Facebook اور Instagram استعمال کرنے والے لوگوں اور نہ کرنے والوں کے حق رازداری کی ممکنہ طور پر سنگین خلاف ورزی ہوتی ہے۔
اس معلومات کے شیئر ہو جانے کے بعد اس کے نتیجے میں ہونے والے ڈاکسنگ جیسے نقصانات کا تدارک بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ڈاکسنگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا خواتین، بچوں اور LGBTQIA+ افراد جیسے گروپس پر غیر متناسب اثر پڑ سکتا ہے، اور اس میں جذبات کو ٹھیس پہنچنا، بے روزگار ہو جانا یا جانی و مالی نقصان یا ہلاک ہو جانا شامل ہے۔
چونکہ نقصان کا امکان خاص طور پر تناظر کے لحاظ سے ہوتا ہے، لہذا ایسے نصبی (آبجیکٹو) اور ہمہ گیر (یونیورسل) اشارے تیار کرنا مشکل ہے جن سے مواد کے جائزہ کاروں کو ایسے مواد کے درمیان فرق کرنے کی سہولت ملے گی کہ کسے شیئر کرنے سے نقصان ہوگا اور کس سے نہیں۔ اس لیے بورڈ کا ماننا ہے کہ رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی میں رازداری کا زیادہ تحفظ ہونا چاہیے۔
انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیارات میں لوگوں کے حق رازداری کے تحفظ کیلئے اظہار خیال پر ضروری اور متناسب پابندیوں کی اجازت دی گئی ہیں۔ اس طرح بورڈ رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی میں مستثنیات کو کم کرنے کی حمایت کرتا ہے تاکہ Meta کو اپنے پلیٹ فارمز پر اور اس سے باہر لوگوں کی پرائیویٹ رہائشی معلومات کو بہتر طریقے سے محفوظ کرنے میں مدد ملے۔
بورڈ کے ساتھ تبادلہ خیال میں Meta نے اس بات پر زور دیا کہ "اس بات کو یقینی بنانا ایک "مستقل فکر" ہے کہ "عوامی طور پر دستیاب" وضاحت ایسے مواد کو ہٹانے سے مستثنیٰ نہیں کرتی ہے جس سے آف لائن نقصان کا خطرہ ہوتا ہے۔" کس معلومات کو "عوامی طور پر دستیاب" مانا جا سکتا ہے اس کیلئے موجود پبلک ریکارڈز اور دیگر ذرائع تک عوام الناس کی رسائی کیلئے اب بھی وسائل اور کوشش کی ضرورت ہے۔ تاہم، سوشل میڈیا پر اس طرح کی معلومات فوری طور پر اور بڑے پیمانے پر شیئر کی جا سکتی ہیں اور ان تک رسائی کی جا سکتی ہے، جس سے نقصان کا خطرہ کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح، بورڈ نے پرائیویٹ رہائشی پتوں اور مخصوص معیار پر پورا اترنے والی تصاویر دونوں کو شیئر کرنے کیلئے "عوامی طور پر دستیاب" استثناء کو ہٹانے کی تجویز پیش کی ہے۔
اوور سائٹ بورڈ کی تجاویز
اپنی پالیسی مشاورتی رائے میں، بورڈ نے مواد کی پالیسی، نفاذ، اور شفافیت پر 17 تجاویز پیش کی ہیں۔
مواد کی پالیسی میں، Meta کو چاہیے کہ:
1. اس استثناء کو ہٹا دے جس میں "عوامی طور پر دستیاب" سمجھے جانے پر پرائیویٹ رہائشی معلومات کو شیئر کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ Meta اب Facebook اور Instagram پر خلاف ورزی کرنے والے مواد کی اجازت نہیں دے گی جسے "کم از کم پانچ نیوز آؤٹ لیٹس نے شائع کیا ہو" یا اگر اس میں کسی تنظیم، عدالتی ریکارڈ، پیشہ ورانہ اور کاروباری لائسنسز، جنسی مجرموں کی رجسٹریز کے مالیاتی ریکارڈز یا بیانات کی تصاویر یا ان میں موجود رہائشی پتے یا سرکاری ایجنسیوں، یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پریس ریلیزز شامل ہوں۔
2. اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی خبر کی اہمیت کی استثنا مستقل طور پر لاگو ہو۔ بورڈ کے کولمبیا کے احتجاج کیس (2021-010-FB-UA) کی تجویز نمبر 3 کے مطابق Meta کو چاہیے کہ مواد کا جائزہ لیںے والوں کیلئے واضح معیار تیار کرے اور اس کی نشر و اشاعت کرے تاکہ اس مفاد عامہ کے مواد کا اضافی جائزہ لیا جا سکے جس سے ممکنہ طور پر کمیونٹی کے معیارات کی خلاف ورزی ہوتی ہے لیکن وہ خبر کی اہمیت کی استثنا کا اہل ہو سکتا ہے۔ متعدد کیسز میں اپنے مباحثے کو مد نظر رکھتے ہوئے بورڈ مستقبل میں پالیسی مشاورتی رائے میں خبر کی اہمیت کی استثنا کا اطلاق کرنے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہے گا۔
3. "وہ تصاویر جن میں پرائیویٹ رہائش گاہوں کا بیرونی نظارہ دکھائی دیتا ہو" کو شیئر کرنے کی اجازت دے جہاں تصویر میں دکھائی گئی ملکیت پر نیوز سٹوری کیلئے فوکس کیا گیا ہو، یہاں تک کہ جب رازداری کی خلاف ورزیوں کے کمیونٹی معیار میں موجود درج ذیل شرائط بھی پوری ہوتی ہوں ("رہائش گاہ سنگل فیملی کا گھر ہے، یا رہائشیوں کے یونٹ نمبر کی شناخت تصویر/کیپشن میں کی گئی ہے۔ شہر/گرد و نواح یا GPS پن (مثال کے طور پر، Google Maps کے پن) کی شناخت کی گئی ہے۔ مواد میں رہائشی فرد (افراد) کی شناخت ہوتی ہے۔ یہی رہائشی اپنی پرائیویٹ رہائش گاہ کے ظاہر کرنے پر اعتراض کرتا ہے)، تاہم، Meta کو چاہیے کہ "اگر رہائشی کے خلاف احتجاج کا تناظر ہے" تو اس صورت میں پرائیویٹ رہائش گاہوں کی تصاویر شیئر کرنے کی اجازت نہ دے۔
4. عوامی ملکیت کی سرکاری رہائش گاہوں پر احتجاج کرنے کی اجازت دے۔ Meta کو سربراہان مملکت، وفاقی یا مقامی حکومت کے سربراہان، سفیروں اور قونصلوں جیسے اعلیٰ درجے کے سرکاری اہلکاروں کو فراہم کردہ سرکاری رہائش گاہوں کے پتوں اور تصاویر کی اشاعت کی اجازت دینی چاہیے۔ اعلیٰ درجے کے سرکاری اہلکاروں سے خاص طور پر کام کی جگہ کم سے کم درجے کی رازداری کی توقع کی جاتی ہے، اور انہیں سیکورٹی اہلکاروں کے ذریعے بہترین تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس تجویز میں عوامی ملکیت کی سرکاری رہائش گاہوں پر احتجاج کرنے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے، نہ کہ سرکاری اہلکاروں کی پرائیویٹ رہائش گاہوں پر۔
5. جب متاثرہ صارف خود پوسٹ کرے یا جب صارف اس کی اشاعت پر رضامند ہو تو پرائیویٹ رہائشی پتوں کو شیئر کرنے کی اجازت دے۔ بطور ڈیفالٹ، یہ سمجھا جائے گا کہ صارفین نے اس طرح کی کوئی منظوری نہیں دی ہے۔
6. اس بات کو یقینی بنائے کہ صارفین کے پاس دوسروں کی جانب سے پوسٹ کی گئی پرائیویٹ معلومات کو ہٹانے کی درخواست کرنے کیلئے ایک تیز اور موثر طریقہ کار موجود ہو۔
7. Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی میں مزید واضح طور پر بیان کرے کہ کیا مقام رہائش کے شہر کا نام ظاہر کرنا بھی مواد کو ہٹانے کیلئے کافی ہوگا (مثلاً، خاص طور پر آبادی کی حد کا حوالہ دے کر مواد میں صرف شہر کا نام شیئر کرنا اب خلاف ورزی نہیں سمجھا جائے گا)۔
8. Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی میں اس کے تشخیص کے معیار کی وضاحت کرے کہ آیا مواد میں رہائشی کی شناخت مناسب حد تک کی گئی ہے۔ Meta کو واضح کرنا چاہئے کہ آیا فرد کا مکمل یا جزوی نام اس کی رہائشی معلومات کے ساتھ ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، یا آیا اس کی تصویر اور/یا تخمینہ کے لحاظ سے مزید عمومی وضاحت کافی ہوگی۔
9. صارفین کو سمجھائے کہ وہ مخصوص استثناء کے ساتھ Instagram پر Facebook کمیونٹی کے معیارات کو نافذ کرتی ہے، اور Instagram کمیونٹی گائیڈلائنز کی زبان میں Facebook رازداری کی خلاف ورزیوں کی کمیونٹی کے معیار کا لنک شامل کرتی ہے۔
نفاذ میں، Meta کو چاہیے کہ:
10. ایسے مواد جو شاید رازداری کی خلاف ورزی کی پالیسی کے خلاف ہو سکتا ہے کی رپورٹ کرنے والے صارفین کو اپنے کلیم کے بارے میں اضافی سیاق و سباق فراہم کرنے کی اجازت دے۔
11. ڈاکسنگ کے متاثرین کیلئے ایک مخصوص مواصلاتی چینل بنائے جو اس کے پلیٹ فارم کا استعمال کرنے اور نہ کرنے والے دونوں ہی لوگوں کیلئے دستیاب ہو۔ اس تک رسائی آسان ہو، متاثرہ کو اپنی صورت حال اور مواد سے ان کیلئے پیدا ہونے والے خطرات کی تفصیل بتانے کی سہولت ملے، اور کمپنی کی جانب سے فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ جب متاثرہ فرد کہے کہ وہ پرائیویٹ مقام رہائش کے ایک ایسے گروپ سے تعلق رکھتا ہے جنہیں شدید خطرہ لاحق ہے تو Meta کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
12. اس کی رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کی خلاف ورزیوں کو "سنگین" سمجھے، جہاں پرائیویٹ رہائشی معلومات شیئر کرنا واضح طور پر بدنیتی پر مبنی کارروائی سے متعلق ہے جس سے ہراساں کیے جانے یا تشدد کا خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ اس سے اکاؤنٹ کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اشارہ ملے گا۔
13. جب صارفین کا مواد رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر ہٹا دیا جاتا ہے تو انہیں اپنے مواد میں سے پرائیویٹ معلومات کو ہٹانے یا اس میں ترمیم کرنے کا موقع دے۔ اگر صارف کسی مخصوص طے شدہ مدت کے اندر پرائیویٹ رہائشی معلومات کو مواد سے ہٹاتا یا اس میں ترمیم کرتا ہے تو مواد پر عارضی بلاک کی پابندی کو ہٹا دیا جائے گا۔
14. یوزر کو اپنی اپیل میں Meta کو یہ بتانے دے کہ ان کا مواد رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کے مستثنیات میں سے ایک میں شامل ہے۔
شفافیت میں، Meta کو چاہیے کہ:
15. کمپنی کی کمیونٹی معیارات کے نفاذ کی رپورٹ میں رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کے نفاذ سے متعلق مقداری ڈیٹا شائع کرے۔
16. رازداری سے متعلق حکومتی درخواستوں پر ہٹائے گئے مواد کی مقدار دکھانے کیلئے، چاہے مواد کو مقامی رازداری کے قوانین نہیں بلکہ رازداری کی خلاف ورزیوں کی پالیسی کے تحت ہٹایا گیا، مقامی قانون کی بنیاد پر مواد کی پابندیوں پر اپنی رپورٹ میں ڈیٹا بریک ڈاؤن کریں۔
17. صارفین کو رازداری کی خلاف ورزیوں کے کمیونٹی معیار میں مخصوص پالیسی کے بارے میں مزید تفصیل فراہم کرے جس کی ان کے مواد سے خلاف ورزی ہوتی معلوم ہوئی ہے۔ Meta کو اسے اپنے پلیٹ فارمز میں استعمال ہونے والی تمام زبانوں میں نافذ کرنا چاہیے۔
مزید معلومات کیلئے:
ذیل کی اٹیچمنٹس میں، آپ کو درج ذیل دستاویزات کے لنکس حاصل ہو سکتے ہیں:
- Meta کی طرف سے پالیسی مشاورتی رائے کیلئے ابتدائی درخواست۔
- Meta کی طرف سے موصول شدہ پالیسی اپ ڈیٹ۔
- اس پالیسی مشاورتی رائے کیلئے موصول شدہ پبلک کمنٹس کی فہرست۔
- بورڈ کی پالیسی مشاورتی رائے کا مکمل ورژن۔